28 دسمبر ، 2013
لاہور…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کی بنیاد نیلام گھر پر رکھی گئی، مسلم لیگ (ن)نے سیاستدانوں کو خریدا اور چھانگا مانگا کی سیاست شروع کی، اپنے اثاثے بیرون ملک رکھنے والے سیاستدان ملک سے مخلص نہیں،میرے یا میرے بچوں کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں۔:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دہری شہریت رکھنے والے نااہل ہیں تو باہر پیسے رکھنے والے بھی نااہل ہونے چاہئیں، حکومت اپنے کاموں کے باعث زیادہ دیر چلتی نظر نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ نے عام انتخابات میں اپنا کردار ادا نہیں کیا، نوازشریف کہتے ہیں نیٹو سپلائی روک کر ملک کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ نیٹو سپلائی کی بندش غلط ہے تو پارلیمنٹ میں قراردادیں کیوں پاس کیں؟ تحریک انصاف کے چےئرمین نے مزید کہا کہ کالا باغ ڈیم کا مخالف نہیں،پنجاب کو بھی ذمے دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔