02 جنوری ، 2014
حیدرآباد…70کی دہائی میں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیاگیا جسکی بدولت سانحہ مشرقی پاکستان رونماہوااور آج بھی سندھ کے شہری علاقوں کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیاجارہاہے ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوئنر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لطیف آباد میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام میں صحافیوں اور عمائدین شہرکے اعزازمیں ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں اراکین رابطہ کمیٹی حیدرعباس رضوی ،سید شاکر علی ،خالد سلطان ،امین الحق ،افتخار رندھاوا ،رشید گوڈیل ،اسلم آفریدی ،یوسف شہوانی ،اشفاق منگی اور سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمر قریشی ،واراکین ،حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی واراکین زونل کمیٹی ،حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سید وسیم حسین،دلاور قریشی ،راشدخلجی سمیت پریٹ و الیکڑونک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات اور عمائد ین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ ایم کیوایم ایک عوامی جماعت ہے اور اس کے حق پرست نمائندوں نے ملک کے تمام اعلی ایوانوں میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلند کی مگر افسوس ارباب اختیار نے اس آواز پر کوئی توجہ نہیں دی ،جب فیصلہ ووٹ سے نہیں ہو تو پھر فیصلہ روڈ پر ہوتا ہے اور حق پرست عوا م ظالم حکمرانوں کا احتساب کرنا جانتے ہیں ، حیدرآباد شہر میں 3جنوری کو ہونے والے جلسہ عام ایک تاریخ رقم کریگاجو حقیقی عوامی مینڈیٹ کا مظاہرہ ہوگا۔ حیدرعباس رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئین پاکستان ملک میں بیک وقت تین حکومتوں کے قیام کا حق دیتا ہے ،وفاقی ،صوبائی اور مقامی حکومت کامگر بدقسمتی سے مقامی حکومت جسکا رابطہ عوام سے ہوتا ہے ہمارے صوبائی حکومتیں اسے بے اختیار بنانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں فوری مردم شماری کرائی جائے کیونکہ سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی سندھ کے دیہی آبادیوں سے زیادہ ہے ہم یہ نہیں کہتے کہ سندھ میں مہاجروں ،پٹھانوں اور پنجابوں کی آبادی زیادہ ہے بلکہ دیہی علاقوں سے بھی لوگو ں شہرؤں میں منتقل ہوچکے ہیں ،فوج یا عدلیہ کی نگرانی میں مردم شماری کرجائے تاکہ سندھ کی حقیقی اکثریت کا تعین ہوسکے ۔تقریب سے رشدگوڈیل ، اشفاق منگی ،شبیر قائم خانی اور حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء حیدرآبادمیں جلسہ عام کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ۔رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے اراکین رابطہ کمیٹی حیدرعباس رضوی،رشیدگوڈیل،سیدامین الحق ،سید شاکر علی ، افتخار اکبر رندھاوا ،اشفاق منگی،اسلم آفریدی ،یوسف شاہوانی اورخالدسلطان کے ہمراہ باغِ مصطفی کاتفصیلی دورہ کیااورجلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پرحق پرست عوامی نمائندے اورایم کیوایم حیدرآبادزون کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجودتھے۔علاوہ ازیں ارکان رابطہ کمیٹی اشفاق منگی ، خالد سلطان ، یوسف شاہوانی معاون رابطہ کمیٹی جاوید کاظمی نے کہا کہ اردو بولنے والے سندھی اور سندھی بولنے والے سندھی آپس میں بھائی ہیں اور انکے درمیان فطری رشتہ ہے اور سند ھ حکومت نے زبردستی کالے قانون کو نافذ کرکے سندھ کے عوام کے اتحاد کو توڑنے کی سازش کی لیکن اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے نے سندھ کے اتحاد کو تحفظ فراہم کیا۔ ان خیالات کااظہار اراکین رابطہ کمیٹی نے حیدرآباد میں ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں مختلف سیکٹرز میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سندھ تنظیمی کمیٹی کے اراکین سراج راجپوت ،رشید بھیاء ، زبیر احمد،ایم کیوایم حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی واراکین زونل کمیٹی اور حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائمخانی ،دلاور قریشی ایڈوکیٹ سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد موجودتھی ۔