21 جنوری ، 2012
اسلام آباد… اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے شمالی و بالائی علاقوں سمیت بلوچستان کے بیشتر مقامات پر بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی سرد مغربی ہواؤں کے بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد شمالی بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج بلوچستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے،،مری، گلیات اور شمالی علاقہ جات میں بھی مزید برف باری کا امکان ہے۔ جمعے کے روز ملکہ کوہسار مری میں شام کے وقت ایک گھنٹے تک ہونے والی برف باری کے بعد بڑی تعداد میں سیاح مری پہنچنا شروع ہوگئے ،تاہم برف باری بند ہونے کے بعد مری ایکسپریس وے پر برف جم جانے کی وجہ سے پھسلن کے باعث سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ ایبٹ آباداور گلیات میں جمعے کی شام اچانک بارش کے ساتھ برف باری بھی شروع ہوگئی جس سے موسم مزید سردہوگیا ہے۔