07 جنوری ، 2014
اسلام آباد…غداری کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو دو دن کیلئے پھر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ مل گیا۔ سماعت کل بھی ہوگی، میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ جمعرات کو ہو گا۔پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ، غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں آج صبح پیش کی گئی تھیں۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ وہ میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے کر فیصلہ جمعرات کو کیا جائے گا۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت کی۔ اے ایف آئی سی کی جانب سے سربمہر لفافے میں رپورٹ پیش کی گئی۔ فریقین کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں بھی رپورٹ کی کاپی مہیا کی جائے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ضرورت محسوس کی تو فریقین کو کاپی فراہم کرنے کے احکامات دیں گے۔ اس سے پہلے پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے دلائل میں کہاکہ ان کی رائے میں اکرم شیخ پراسیکیوٹر نہیں۔خصوصی عدالت قانون کے تحت تشکیل دی گئی، اسے آئینی عدالت کا درجہ حاصل نہیں اوراس کے اختیارات بھی محدود ہیں، غداری کیس میں دوران ٹرائل ملزم کی گرفتاری کی کوئی گنجائش نہیں۔ آرٹیکل 6 اور 204 یا ان کے تحت بنائے گئے قوانین میں دوران سماعت گرفتاری کی کوئی شق نہیں۔ جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ اگر ملزم عدالتی حکم پر بھی نہ آئے تو کیا عدالت وارنٹ گرفتاری جاری کر سکتی ہے؟