07 جنوری ، 2014
اسلام آباد…پرویز مشرف ذہنی دباوٴ کا شکار ہیں، دل کی شریانوں میں کیلشیم اور کولیسٹرول پایا گیا، جسم کی مختلف ہڈیوں میں تکلیف ہے۔ کل ملا کر 9 امراض لاحق ہیں۔ اے ایف آئی سی کی جانب سے جاری کی گئی پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ آج خصوصی عدالت میں پیش کردی گئی جس کے بارے میں عدالت اپنے ریمارکس میں کہہ چکی ہے کہ اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد جمعرات کو حکم جاری کیا جائے گا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویزمشرف کو2جنوری کو اے ایف آئی سی کے شعبہ ایمرجنسی لایا گیا،70سالہ پرویز مشرف چھاتی اور بائیں بازو میں تکلیف کے ساتھ اسپتال لائے گئے، پرویزمشرف کو شوگر کا مرض نہیں، سگریٹ نوشی کرتے ہیں، پرویز مشرف کو بائیں کندھے کے جوڑ کے گرد تکلیف تھی، پرویز مشرف کو کمر کے نچلے حصے میں بھی تکلیف اور کھچاوٴ رہا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کی نیند رات کو بار بار پیشاب آنے سے متاثر ہوتی، پرویز مشرف نے اسپتال داخل ہونے سے 2ہفتے پہلے دانتوں کا بھی علاج کرایا تھا،جس کی وجہ سے مشرف کے جبڑے کے دائیں طرف اب بھی درد ہے۔ رپورٹ کے مطابق معائنے کے وقت پرویز مشرف کا بلڈپریشر 80 اور120 تھا، ان کے معائنے کے دوران ان کا نظام تنفس نارمل تھا، مشرف کے معائنے کے دوران ان کی دھڑکن 56مرتبہ فی منٹ تھی۔ پرویز مشرف کے بائیں گھٹنے کے جوڑ میں سوزش تھی، مشرف کے بائیں گھٹنے کے ایم آر آئی سے جوڑ میں مائع چیزکی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جبکہ ان کی سی ٹی انجیوگرافی سے 3شریانوں میں کیلشیئم کی مقدار کا پتا چلا، پرویز مشرف میں 9امراض کی تشخیص کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار زیادہ ہے،ان کی گردن کے مہروں میں تکلیف ہے، ریڑھ کی ہڈی میں سوزش ہے، کندھے کے پٹھوں میں سوزش ہے، کندھے کے پٹھوں میں سوزش کے باعث بایاں بازو ہلنے کے قابل نہیں، پرویز مشرف کے بائیں جبڑے میں درد ہے، جبکہ پیشاب کی نالی میں بھی تکلیف ہے، پرویز مشرف کی تمام بیماریوں کا علاج جاری ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مشرف کی دل کی شریانوں کی صورتحال جاننے کیلئے انجیوگرافی کی ضرورت ہے۔ انجیوگرافی کے بعد ضرورت پیش آنے پر بائی پاس پر بھی غور ہو سکتا ہے، میڈیکل رپورٹ اے ایف آئی سی کے کمانڈنٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عمران مجید نے جاری کی۔