29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزارت پانی و بجلی کی طرف وزیر اعظم کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ کھاد کارخانوں کی گیس کاٹ کر نجی تھرمل پاور اسٹیشنز کو دے دی جائے تاکہ بجلی کی پیداوار بڑھائی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے توانائی کے بحران پر بلائے گئے اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی نے بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کی طرف سے پاور سیکٹر کیلئے یومیہ 210ملین مکعب فٹ گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کی طرف سے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ کھاد کارخانوں کی گیس کاٹ کر 4 نجی پاور پلانٹس جن میں ہلمور، سیف پاور، سفائر اور اورینٹ سمیت کیپکو کو دے دی جائے جس سے بجلی کی پیداوار میں 1100 میگاواٹ تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تجویز دی گئی کہ 155 ملین مکعب فٹ گیس ہلمور، سیف پاور، سفائر اور اورینٹ کو جبکہ 55ملین مکعب فٹ گیس کیپکو کو فراہم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 نجی بجلی گھروں میں سے ہر ایک کا روزانہ ڈیزل کا خرچہ 10 کروڑ روپے ہے ۔