پاکستان
08 جنوری ، 2014

کراچی :پیاسی یونین کے تحت پی آئی اے کی نجکاری پر سمینار

کراچی :پیاسی یونین کے تحت پی آئی اے کی نجکاری پر سمینار

کراچی…پی آئی اے ملازمین کی نمائندہ تنظیموں اور سیاسی جماعتوں نے قومی ائیرلائن کی نج کاری کے حکومتی فیصلے کو قومی المیہ قرار دیا ہے ۔پیاسی یونین کے تحت کراچی پریس کلب میں پی آئی اے کی نجکاری کے موضوع پر سمینار ہوا،جس میں پی آئی اے کی سی بی اے پیپلز یونیٹی کے علاوہ پائلٹس، ائیرکرافٹ انجینئرز اور ملازمین کی نمائندہ تنظیموں اور سیاسی رہنماوٴں نے شرکت کی۔پیاسی یونین کے جنرل سیکریٹری عبید اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سابقہ حکومت میں اوپن اسکائی پالیسی نے ہی پی آئی اے کو تباہ کیا، ماضی میں قومی اداروں کی نجکاری سے آٹھ لاکھ کارکن بیروز گار ہوئے۔پالپا کے صدر کیپٹن سہیل بلوچ نے بتایا کہ نئے طیاروں کی شمولت کے بعد پی آئی اے کے خسارے میں کمی اور آمدنی میں اضافے کے بعد نجکاری کا کوئی جواز نہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل کر قومی اداروں کے بارے میں یکساں پالیسی بنائیں ۔جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے نج کاری کے نام پر قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا رکھی ہے۔ معاشی تجزیہ نگار ڈاکٹر شاہد حسن نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت دیگر قومی اداروں کی نجکاری کی منظوری چاروں صوبوں نے دے دی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی آئی ا ے کی نج کاری قومی المیہ ہوگی۔

مزید خبریں :