09 جنوری ، 2014
مری…مری کے علاقے سالگراں میں دو بسیں ریس لگاتے ہوئے گہری کھائی میں جاگریں، جس سے کم سے کم 12 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے، خراب موسم اور اندھیرے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ حادثے کے بعد مقامی افراد ،ٹریفک اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا جبکہ فوج کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ گہری کھائی ہونے کی وجہ سے بسیں چکناچور ہوگئیں اور بعض لاشوں اور زخمیوں کو بسوں کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ جاں بحق اور زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال لایا گیا۔ ترجمان پمز کے مطابق اسپتال میں 11 لاشیں اور 35 زخمی لائے گئے، چار زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار بسوں سے تمام جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو نکال لیا گیا ہے۔