پاکستان
09 جنوری ، 2014

چوہدری اسلم کا خون رائیگاں نہیں جائے گا:سیاسی رہنما

 چوہدری اسلم کا خون رائیگاں نہیں جائے گا:سیاسی رہنما

کراچی…جماعت اسلامی کے رہنما سید منور حسن اور لیاقت بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ،اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین، سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری، قائدتحریک صوبہ ہزارہ باباحیدرزمان،اے این پی سندھ کے رہنما اور سینیٹر شاہی سید،ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر اور روٴف صدیقی نے کراچی میں سی آئی ڈی کے ایس پی چوہدری اسلم اوران کے ساتھی اہلکاروں کی شہادت پررنج وغم کا اظہار کیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم کی شہادت سے سی آئی ڈی بہادر افسر سے محروم ہوگئی، دہشت گردی کے خلاف چوہدری اسلم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اے این پی کے رہنما میاں افتخارحسین نے کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف چوہدری اسلم کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ قائدِ تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم کی شہادت پاکستان کا نقصان ہے، تاہم ان کی شہادت سے دہشت گردوں کے خلاف مشن ختم نہیں ہوسکتا۔ سربراہ سنی تحریک ثروت اعجازقادری نے کہا کہ دہشت گردی نہ رکنا حکومت کی ناقص پالیسوں کا شاخسانہ ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر کا کہنا تھا کہ مذہبی اورسیاسی جماعتیں دہشت گردوں سے متعلق ایک پیج پر آئیں، کچھ سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہیں۔اے این پی سندھ کے رہنما اور سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے چوہدری اسلم کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

مزید خبریں :