پاکستان
10 جنوری ، 2014

چوہدری اسلم کی شہادت پر بین الاقوامی میڈیا میں بھی کوریج

چوہدری اسلم کی شہادت پر بین الاقوامی میڈیا میں بھی کوریج

کراچی…سندھ پولیس کے انتہائی بہادرافسر چوہدری اسلم نے دہشت گردوں کے خلاف ڈٹے رہتے ہوئے اپنی جان دے دی۔ ان کی بے مثال قربانی کا جہاں ملکی سطح پر اعتراف کیاگیا وہیں بین الاقوامی میڈیا میں بھی پاکستان کے دلیر سپوت کی قربانی کو نمایاں کوریج دی گئی۔ وہ رات کے اندھیرے میں باہر نکلتا تھا، جب دن ڈھل جاتا تھا تو اس کی صبح ہوتی تھی۔ اس کے جانباز رات کی تاریکی میں دہشت گردوں کو للکارتے تھے۔ اس کا ماننا تھا کہ دن کے وقت دہشت گرد چھپے رہتے ہیں۔ یہ خراج تحسین پیش کیا گیاہے برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ میں۔ اخبار نے چوہدری اسلم کو مشہور امریکی فلم ڈرٹی ہیری کے پولیس انسپکٹر سے تشبیہ دی اور سپر کوپ قرار دیا جو مجرموں سے بے خوفی سے نمٹتا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چوہدری اسلم نے طالبان کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان دے دی۔ امریکی اخبارلاس اینجلس ٹائمزکا کہنا تھاکہ طالبان اور دیگر مجرموں کے خلاف آپریشن کے سرکردہ افسر بم دھماکے میں قتل ہوگئے۔ عرب میڈیا کے اہم ادارے الجزیرہ نے لکھا ہے کہ پاکستانی طالبان کے دشمن چوہدری اسلم کو بم دھماکے میں شہید کردیا گیا۔ امریکی نشریاتی نیٹ ورک این بی سی نیوز نے لکھا ہے کہ طالبان نے پاکستان کے سخت ترین پولیس افسر کو مار دیا۔ کراچی والے اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے تھے کیونکہ وہ جانتے تھے کہ ایک پولیس والا سینہ تانے شہر کی سڑکوں پر گھوم رہا ہے۔

مزید خبریں :