پاکستان
11 جنوری ، 2014

مختلف شہروں میں چپ تعزیے کے جلوس نکالے گئے

مختلف شہروں میں چپ تعزیے کے جلوس نکالے گئے

کراچی…ملک کے مختلف شہروں میں حضرت امام حسن عسکری کی شہادت کی مناسبت سے مجالس منعقد کی گئیں اور کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہید امام حسین کے قافلے کی شام سے مدینہ واپسی کی یاد میں چپ تعزیے کے جلوس نکالے گئے۔ حضرت امام حسن عسکری کے یوم شہادت کی مناسبت سے نشتر پارک کراچی میں مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس میں اسلام کی تعلیمات اور فلسفہٴ شہادت پر روشنی ڈالی گئی اور مصائب امام حسن عسکری بیان کیے گئے۔ جس کے بعد چپ تعزیے کامرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، امام بارگاہ نور باغ موسیٰ لین پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔ حیدرآباد میں چپ تعزیے کا جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا۔ اسٹیشن روڈ پہنچ کر مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں حضرت امام حسن عسکری کی شہادت بیان کی گئی۔ بعدازاں چپ تعزیے کا جلوس کربلا دادن شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔ لاہور میں چپ تعزیے کا جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکا ماتم کرتے رہے۔ جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگیا۔ ملتان میں چپ تعزیہ کا جلوس امام بارگاہ ناصر آباد سے برآمد ہونے کے بعد اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شاہین مارکیٹ پہنچا جہاں مجلس عزا برپا کی گئی۔ بعد میں جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے امام بارگاہ شاہ گردیز پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔

مزید خبریں :