12 جنوری ، 2014
فیصل آباد…فیصل آباد بار کے انتخابات کے بعد وکلاء کی جانب سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ کا مقدمہ 6نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق پولیس اور میڈیا کے کیمروں کے سامنے دو گھنٹے تک ملزمان کی جانب سے کھلے عام فائرنگ سے کی جاتی رہی ، تاہم موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے ان فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔ جبکہ میڈیا پر کھلے عام فائرنگ کرنے والوں کو دکھایا جاتا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد بارکے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران وکلا کے حامیوں نے کھلے عام جدید اسلحے کی نمائش اورشدید ہوائی فائرنگ کی مگر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی، ابھی گنتی کا عمل جاری ہی تھا کہ اچانک ڈسٹرکٹ بار گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ امیدواروں کے حامیوں نے جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، اس کے باوجود فائرنگ ہوتی رہی اورپولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔فائرنگ اتنی شدید تھی کہ قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس موقع پر کچھ امیدواروں کے حامیوں نے بھنگڑے بھی ڈالے۔