19 جون ، 2025
عطا آباد جھیل میں سیوریج کاپانی چھوڑنےکے معاملے پر ڈپٹی کمشنر نے کمشنر گلگت ڈویژن کو رپورٹ بھجوادی۔
رپورٹ کے مطابق جھیل میں سیوریج کا فعال اخراج نہیں دیکھا گیا، جھیل کا آلودہ پانی پہاڑوں سے آنے والے کیچڑ والے پانی کا ہو سکتا ہے تاہم پانی آلودہ ہونےکی مزید ٹیکنیکل تحقیقات کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان کی حکومت نے ہوٹل کے 3 منزلوں پر واقعہ 29 کمروں کو سیل کرتے ہوئے ہوٹل انتظامیہ پر 15لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا جب کہ این او سی قواعد پر عمل درآمد کےلیے مزید اقدمات کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل غیرملکی سیاح نے ہنزہ کی عطا آباد جھیل میں ہوٹل کی سیوریج اور غلاظت کی شکایت کی ویڈیو بنائی تھی جو کافی وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں جھیل کے صاف پانی اور گندے پانی کے درمیان فرق کو واضح طورپر دیکھا گیا جس کے بعد گلگت بلتستان کی حکومت نے فوری واقعے کا نوٹس لیا۔