پاکستان
12 جنوری ، 2014

برطانیہ:پاکستانی نژاد افرادمیں بیروزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ

برطانیہ:پاکستانی نژاد افرادمیں بیروزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ

لندن…برطانیہ میں آبادپاکستانیوں سمیت نسلی اقلیتوں میں بے روزگاری کی شرح ویسے بھی زیادہ تھی مگر سروے کے مطابق پچھلے 2برسوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔ جس سے نوجوانوں کے مستقبل کوخطرات لاحق ہوگئے ہیں۔بیروزگاری کی شرح سے متعلق برطانیہ کے نجی ادارے کی جانب سے یہ سروے 2012ء اور 2013ء کے دوران کیاگیاہے۔سروے کے مطابق برطانیہ میں پچھلے 2برسوں کے دوران بیروزگاری کی شرح مجموعی طورپر 8فیصدرہی۔لیکن مختلف نسلوں کے حوالے سے دیکھیں تو سفیدفام افراد میں یہ شرح 7فیصدپر برقراررہی مگر نسلی اقلیتوں میں یہ شرح 13سے بڑھ کر 14 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔خاص طورپر سیاہ فام افراد میں یہ شرح 16 سے بڑھ کر 17فیصد پر جاپہنچی ہے اور پاکستانی اور بنگلہ دیشی کمیونٹی کے لیے تشویش کی بات یہ ہے کہ ان کی کمیونٹیز میں یہ شرح 17سے بڑھ کر 19فیصد ہوگئی ہے۔برطانیہ بھرمیں مجموعی طورپر تو نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح پچھلے 3برس سے 21فیصد پر قائم ہے تاہم حیرت انگیزبات یہ ہے کہ نسلی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 16 سے 24برس کے نوجوانوں میں یہ شرح 33فیصد سے غیرمعمولی طورپر بڑھ کر 37فیصد پر جاپہنچی ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس صورتحال کوپریشان کن قراردیا ہے کیونکہ نوجوان کسی بھی ملک اور گھرانے کا مستقبل سمجھے جاتے ہیں اور بیروزگاری بڑھے تو ان کے جرائم میں ملوث ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

مزید خبریں :