30 مارچ ، 2012
اسلام آباد…مسلم لیگ ن کے رہنما اور رینٹل پاور پلانٹس کیس میں فریق خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کی فتح ہے۔رینٹل پاور پلانٹس کیس کا فیصلہ آنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ رینٹل پاور منصوبے میں قانون کی خلاف ورزی ہوئی اور ان منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے پتہ چلتا ہے کہ عوام نے عدلیہ کی آزادی کے لئے جوجنگ لڑی وہ منزل کی جانب رواں دواں ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کابینہ نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ، وزیراعظم اور ان کے وزرا پر سنگین الزامات عائد ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے بال بچوں سمیت لوٹ مار میں مصروف ہیں، اوراب تو وزیر اعظم کے ایک اور بیٹے کا نام بھی اسکینڈل میں آگیا ہے جس پر انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے۔