13 جنوری ، 2014
اسلام آباد…18 جنوری کو سندھ اور 30 جنوری کو پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن نیا شیڈول جاری کرے گا، سپریم کورٹ نے اجازت دے دی۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جسے تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول منسوخ ہوگیا،اب مقرر تاریخوں پرانتخابات نہیں ہوں گے ۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے پیش نظرحلقہ بندیاں بھی ہوں گی، قانون میں ترامیم، رولز اور قانون سازی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کرینگے اورترامیم کے بعد بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے امید ظاہر کی کہ تمام عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔