13 جنوری ، 2014
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق ایران کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ تہران کا پاکستان کو بجلی کی برآمدات میں اضافے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ایرانی وزیر توانائی حمید چیت چیان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرحد کے ساتھ ایرانی صوبہ سیستان کے دارلحکومت زاہدان میں پاور پلانٹ کی تعمیر کا مقصد ایران کے جنوب مشرقی حصے میں بجلی کے نیٹ ورک کو مستحکم کرنا ہے۔مہر نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو بجلی کی برآمدات میں اضافہ ایرانی وزارت کے ایجنڈے پر نہیں ہے ،تاہم انہوں نے اس بات پر زورد ے کر کہا کہ پاکستان کو بجلی برآمد کرنے کے " موجودہ رجحان "کو جاری رکھیں گے ۔وزیر توانائی نے پاکستانی میڈیا کی ان رپورٹوں کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا کہ اسلام آباد ایران سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی درآمد کا ارادہ رکھتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پانی و بجلی کی پاکستانی وزارت نے ایران سے بجلی کی درآمد کیلئے یاد اشت کے مسودے پر دستخط کیلئے اجلاس بلایا۔ایرانی وزیر نے کہاکہ مسودہ ماضی کاایشو ہے اور پاکستان نے کئے ہوئے کچھ وعدے پورے نہیں کیے۔ایران فی الحال افغانستان ، آرمینیا ، آذربائی جان ، عراق ، پاکستان ، ترکمانستان اور ترکی کے ساتھ بجلی کا تبادلہ کر رہاہے۔ایرانی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ممالک کو بجلی کی برآمد18سو میگاواٹ سے تجاوز کر چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران اور پاکستان زیر تعمیرگیس پائپ لائن منصوبے کی تکنیکی پہلووٴں پر بات چیت کررہے ہیں۔گیس پائپ لائن کی تعمیر کی دسمبر 2014کی ڈیڈلائن،مالی معاونت اور گیس کی قیمتوں گیس پر بات چیت کی جاتی رہی۔