14 جنوری ، 2014
دمشق… برطانوی پولیس نے شام میں مبینہ طورپر دہشتگردی کرکے وطن لوٹنے والے پاکستا نی نژا دشخص سمیت 2افراد کو ہیتھرو ائرپورٹ پر گرفتار کرلیا ہے۔ہیتھرو ائرپورٹ سے گرفتار دونوں افراد کی عمریں 21 برس ہیں اور ان کا تعلق برمنگھم سے ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ دہشتگرد ترکی کے راستے برطانیہ واپس آئے تھے۔مشتبہ افراد کا تعلق ہینڈزورتھ سے ہے اور وہ پچھلے برس مئی میں شام گئے تھے۔پاکستانی نژا دشخص کاتعلق فیصل آبادسے ہے جبکہ دوسراشخص بنگلادیشی نژا دہے۔ برطانوی حکام نے تسلیم کیا ہے کہ صدربشارالاسد کے خلاف بغاوت میں دہشتگردوں کا ساتھ دینے کے لیے درجنوں برطانوی شہری شام گئے تھے اور واپسی پر ان میں سے کئی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ نیشنل ہیلتھ سروس کے ڈاکٹرسمیت 2برطانوی شہریوں کو بھی اکتوبر2012ء میں گرفتار کیا جاچکاہے۔ جومصرکے راستے واپس آئے تھے اوربرطانوی میڈیا نے شبہ ظاہر کیا تھاکہ ان سے برطانوی اور ڈچ صحافی کے اغواسے متعلق بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔دونوں صحافیوں کا دعویٰ تھا کہ انہیں شام میں ایسے غیرملکی جنگجووٴں نے اغوا کیا جن میں پاکستانی نژاد برطانوی بھی شامل تھے۔