پاکستان
14 جنوری ، 2014

جیو ٹی وی پر ”جشن صبح بہاراں“کی روح پرور تقریب

جیو ٹی وی پر ”جشن صبح بہاراں“کی روح پرور تقریب

کراچی…عید میلاد النبیﷺکی رحمتوں اور برکتوں سے بھری رات جیو نیٹ ورک نے اپنے ناظرین کے لیے خاص اہتمام کیا۔ رات 9 بجے سے صبح تک”جشن صبح بہاراں“ کی پرنور محفل منعقد کی گئی، جسے کروڑوں ناظرین نے براہ راست دیکھا۔ معروف اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے خصوصی خطاب کیا۔عید میلاد النبی ﷺ کی بابرکت رات جیو نیٹ ورک کے تحت ”جشن صبح بہاراں“ کے عنوان سے بے مثال محفل عشق مصطفیٰ کا انعقاد کیا گیا۔کراچی میں عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار کے احاطے میں منعقدہ اس روح پروراجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔معروف نعت خوانوں نے سرکار دوجہاں کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ہردل عزیز اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے منفرد اور مخصوص انداز میں سرور کائنات اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل پر علم کے موتی بکھیرے تو لوگ بے اختیار دادوتحسین کے نعرے بلندکیے بغیرنہ رہ سکے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عشق رسول میں ڈوبی آواز میں نعتوں کا نذرانہ پیش کرکے سماں باندھ دیا۔خوبصورت شعروں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ثنا خوانی نے دلوں کو گداز سے بھر دیا اور لوگ وجد میں آگئے۔ اس روح پروراجتماع کے ہزاروں حاضرین اور کروڑوں ناظرین نے”جشن صبح بہاراں “میں انوار و تجلیات سے معمور لمحات کی برکتیں سمیٹیں اور 10 سے زائد عمرے کے ٹکٹ بھی حاصل کیے۔ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر اور نعت خوانی کی اس حسین محفل کا اختتام معروف روحانی شخصیت مولانا بشیر فاروقی قادری کی خصوصی دعا اور درودوسلام کے نذرانوں پر ہوا۔

مزید خبریں :