14 جنوری ، 2014
پشاور…پشاور میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پرسکیورٹی ہائی الرٹ رہی ۔ جلوسوں کی نگرانی کیلئے 15 سو سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی، اندرون شہر سیل اور موبائل سروس بھی بند تھی۔ پشاور کے نواحی علاقے ریگی میں بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ دو بم ناکارہ بنادیئے گئے۔ پشاورمیں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی جوش و جذبہ سے منایاجارہا ہے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اندرون شہر سیل ہے۔ جلوسوں کی نگرانی کیلئے پندرہ سو سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ خفیہ کیمروں کی مدد سے جلوسوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ شہر میں موبائل سروس معطل ہے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور افغان مہاجرین کے شہر میں داخلے پر بھی پابندی عائد ہے۔ پشاور میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے 11 جلوس برآمد ہوئے جواپنے مقررہ راستوں سے گذر کر رات گئے اختتام پذیر ہوں گے۔ دوسری جانب نواحی علاقے ریگی میں پل کے قریب بم دھماکا ہوا جس سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ دھماکے کی جگہ سے کچھ فاصلے پر دو بم بھی ناکارہ بنائے گئے۔ بم پانچ، پانچ کلو گرام وزنی تھے۔