18 جنوری ، 2014
کراچی…دہشت گردوں نے کراچی آپریشن کو ہوا میں اڑا دیا، ایک گھنٹے میں چھ افراد مارے گئے، شارع فیصل پر جے یو آئی س کے مرکزی رہنما مفتی عثمان یار خان کو دو ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا، ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل کی وین پر فائرنگ سے چینل کے تین کارکن جاں بحق ہوگئے۔ کراچی میں شارع فیصل پر گاڑی پر فائرنگ کر کے جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے جنرل سیکریٹری اور مدرسے کے مہتمم مفتی محمد عثمان یار خان سمیت تین افراد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق علماء کرام کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا۔ عوامی مرکز کے قریب نا معلوم ملزمان نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق افرادکی شناخت جمعیت علمائے اسلام۔ س کے جنرل سیکریٹری مفتی عثمان یار خان ، محمد علی اور مولانا رفیق شامل ہیں۔جاں بحق افراد کی لاشوں کوقانونی کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تینوں جاں بحق افراد کے سینے پر گولیاں لگی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس، رینجرز اور دیگر تفتیش کار موقع پر پہنچ گئے اور جائے واردات کا معائنہ کیا، پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کوتعاقب کر کے روکااور پھر فائرنگ کی، موقع سے نائن ایم ایم پستول کے 15سے20خول ملے ہیں۔علمائے کرام کے قتل کے بعد بہت دیر تک شارع فیصل پر ٹریفک جام رہا جبکہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف گلستان جوہر بلاک 7میں مدرسے کے طلبا نے شدید احتجاج بھی کیا۔ علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شدید مذمت کی۔ قتل کی دوسری واردات کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ہوئی جہاں بورڈ آفس کے قریب مسلح افراد نے نجی ٹی وی چینل کی گاڑی پر فائرنگ کرکے تین میڈیا ملازمین کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب نجی ٹی وی چینل کی وین پر گھات لگا کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور، گارڈ اور ٹیکنیشن شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ایس ایس پی سینٹرل عامر فاروقی کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے ٹارگٹ کر کے نجی ٹی وی چینل کی گاڑی پر فائرنگ کی۔فائرنگ 32بور پستول سے کی گئی جس پر سائلنسر لگایاگیا تھا ، موقع سے 32بور پستول کے 18خول اکٹھے کیے گئے ہیں جن میں سے 13خول گاڑی کے اندر سے ملے ہیں۔