18 جنوری ، 2014
نئی دلی…دلی پولیس نے بھارتی وزیرششی تھرور کی بیوی کی پرسرار موت کی چھان بین شروع کردی ہے۔ ہوٹل کے اسٹاف سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی گئی۔ بھارتی یونین منسٹر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی پرسرار ہلاکت کی چھان بین کرنے والی دلی پولیس نے فائیواسٹار ہوٹل کے روم نمبر 345 کو سیل کردیا ہے۔پولیس کاکہنا ہے کہ ہوٹل کے اسٹاف سے پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ ہوٹل کی تیسری منزل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرکے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دلی پولیس سنندا پشکر کے موبائل فون کال رکارڈز پر بھی تحقیقات کررہی ہے۔واقعے کی انکوائری کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کی بیوی کے ٹوئٹر ہینڈل کی بھی چھان بین جا ری ہے۔دلی پولیس کے مطابق سنندا پشکر کے ہوٹل کے کمرے کی تفصیلی تلاشی لی گئی ہے اور یہ بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کہیں انھوں نے زہر آلود دوائیاں کھاکر خودکشی تو نہیں کی۔نام نہ سامنے لانے کی شرط پر دلی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں شبہ ہے کہ سنند انے خودکشی ہی کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 52 سالہ سنندا پشکر کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔