دنیا
18 جنوری ، 2014

ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت کو ڈاکٹرز نے مشکوک قرار دیدیا

ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی موت کو ڈاکٹرز نے مشکوک قرار دیدیا

نئی دہلی…بھارتی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت کو ڈاکٹروں نے مشکوک قرار دے دیا ہے۔ ان کے جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ ششی تھرور کو رات کو دل کی تکلیف ہوئی اور آج وہ بیوی کی آخری رسومات میں اداس بیٹھے رہے۔ سنندہ پشکر تھرور تین روز سے جس ذہنی اذیت میں مبتلا تھیں وہ بالآخر ان کی جان لے گیا۔نئی دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل کے جس کمرے میں ان کی موت ہوئی،اس کا نمبر تھا،تین ،چار،پانچ۔ اگست 2010ء میں بھارتی وزیر ششی تھرور سے دل کا رشتہ زندگی بھر کے ساتھ میں بدلا تو سنندہ کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ تین برس میں یہ ساتھ نہ صرف کچے دھاگے کی طرح ٹوٹنے لگے گا بلکہ موت بھی اسی دھاگے سے کھنچی چلی آئے گی۔ سنندہ کو شک تھا کہ ان کے اور ششی تھرور کے درمیان کوئی تیسرا بھی جو نظروں سے اوجھل ہے لیکن ششی کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے اور یہ تیسرا کوئی اور نہیں ،سنندہ کے مطابق ایک پاکستانی صحافی مہر تارڑ تھیں۔اسی شک نے سنندہ کا اعتماد ششی پر ختم کردیا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ وہ خود ختم ہوگئیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ ہی بہت سے سوال کھڑے کرنے کے لیے کافی ہے، جس کے مطابق سنندہ پشکر کی موت اچانک اور غیر فطری تھی، جسم پر زخموں کے نشان ہیں، اگر سنندہ کی روح پر لگے زخموں نے انہیں خود کشی جیسے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا، تو جسم پر گھاوٴ کس نے لگائے؟میڈیکل رپورٹ بھی خاموش ہے ۔مزید جانچ کے بعد ہی لو ٹرائی اینگل کا الجھا ہوا سرا ہاتھ آسکے گا۔نئی دہلی میں سنندہ کی آخری رسومات ادا کردی گئیں،ششی تھرور بھی شکستہ دل لیے موجود تھے۔ اس حادثے نے ان کے دل کو بھی ایسا ہلایا کہ وہ بھی اسپتال پہنچ گئے۔لیکن کل رات کمرہ نمبر 345 میں جو موت ہوئی کیا دہلی پولیس اس کے راز سے پردہ اٹھا پائے گی یا یہ راز بھی سنندہ کی راکھ کے ساتھ جل کر خاک ہوچکا؟؟

مزید خبریں :