پاکستان
18 جنوری ، 2014

ٹوئٹر پر سنندا اور مہر کے مبینہ طور پر پوسٹ کیے گئے پیغامات

ٹوئٹر پر سنندا اور مہر کے مبینہ طور پر پوسٹ کیے گئے پیغامات

لاہور…ششی تھرور، سنندا پشکر اور مہر تارڑ کی محبت کی تکون سنندا کی موت کے ساتھ ختم تو ہوگئی لیکن سنندا کے الزامات اور مہر کی تردیدوں کی حقیقت کیا کبھی سامنے آسکے گی؟ اس سوال کا جواب تلاش کرتے ہیں ٹوئٹر پر سنندا اور مہر کی طرف سے مبینہ طور پر پوسٹ کیے گئے پیغامات سے۔ششی تھرور کا ٹوئٹر پر بھانڈا کسی اور نے نہیں، ان کی اپنی بیوی سنندا پشکر نے پھوڑا اور اس کا سبب بنے پاکستانی صحافی مہر تارڑ کے کچھ پیغامات جو سنندا کے بقول مہر نے بی بی ایم اور ٹیو ٹر کے ذریعے ششی تھرور کو بھیجے۔ ایک ٹویٹ میں مہر نے مبینہ طور پر لکھا: ششی پلیز، مجھے جانے مت دو، میں تمھاری بنتی کرتی ہوں، التجا کرتی ہوں کہ مجھے تمھی سے پیار ہے۔ سنندا نے مہر کا یہ مبینہ پیغام ٹوئٹر پر کوٹ کیا اور لکھا کہ ”ذرا اس عورت کی ہمت تو دیکھو جو ایک انڈین کی محبت میں پاگل ہو بیٹھی ہے۔ مہر کے کچھ ٹویٹ ششی تھرور کی ٹائم لائن پر بھی موجود تھے۔ ان میں سے ایک ٹویٹ میں مہر نے لکھا: مجھے تم سے پیار ہے ششی تھرور اور میں تمھاری محبت میں پاگل ہو چکی ہوں، یہ محبت نہ ختم ہو سکتی ہے نہ تبدیل، ہمیشہ کے لیے تمھاری، مہر۔ اپنی ایک اور ٹویٹ میں مہر نے لکھا: ششی اب میں رو نہیں رہی، میں اب بکھر نہیں رہی، اب مجھ میں پہلے سے زیادہ حوصلہ ہے، اب مجھے معلوم ہوا ہے کہ میں تمھیں کتنا کم جانتی تھی۔ایسے ٹویٹس پر سنندا کا غصہ بھی دیکھنے والا تھا۔ ایک ٹوئٹر میں سنندا نے مہر کو طعنہ دیتے ہوئے لکھا: اپنا پتی چھوڑ دے تو دوسروں کے میاں کو پکڑو، افسوس، مجھے تو اس عورت پر ترس آ رہا ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں سنندا نے لکھا: ششی تھرور اور میں بہت خوش ہیں اور کوئی مہر مجھے پریشان نہیں کر سکتی۔ ٹی وی پر مہر نے جو جھوٹ بولے انھیں سن کر میں نے لطف لیا۔ سنندا کے ایک ٹویٹ سے کچھ ایسا اشارہ بھی ملتا ہے کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے انھیں کچھ پتا نہیں تھا۔ انھوں نے لکھا: کرشنا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں میرا طبی معائنہ ہوا جس میں کچھ مسائل سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مجھے نہیں پتا کہ مجھے کب جانا پڑے، مگر ہنستے ہوئے جائیں گے۔ مہر نے ان ٹویٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ: سنندا نے مجھ پر الزام لگایا ہے کہ میں فون اور بی بی ایم پر ششی کو تنگ کرتی ہوں، فون اور بی بی ایم میں تو دوطرفہ ٹریفک نہیں چلتی؟ ہے نا۔ سنندا نے جھٹ جواب دیا: دن میں بیس بیس دفعہ کال کرنے کو تنگ کرنا نہیں کہتے کیا؟ اس سارے جھگڑے میں ششی تھرور چپکے بیٹھے رہے۔ ان کی طرف سے اپنی بیوی کے ساتھ ایک مشترکہ بیان سامنے آیا جس میں دونوں نے یہ کہا کہ ان دونوں کے ٹوئٹر اکاونٹس پر ایسے ٹویٹ موجود ہیں جن کی انھوں نے اجازت نہیں دی تھی۔ بیان میں سنندا کے ٹویٹس کو غلط سمجھا گیا، ہم دونوں آپس میں بہت خوش ہیں اور اسی طرح رہنا چاہتے ہیں۔ لیکن بظاہر تو یہی لگتا ہے کہ کم از کم سنندا کا ٹوئٹر اکاوٴنٹ تو کسی نے ہیک نہیں کیا تھا اور دال میں کچھ نہ کچھ کالا تو ضرور ہی تھا۔

مزید خبریں :