19 جنوری ، 2014
اسلام آباد…وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چند ہفتوں کے اندر واہگہ بارڈر سے چوبیس گھنٹے تجارت شروع ہوجائے گی، پاکستان کو بھارت کی ایک ارب آبادی کی منڈی ملے گی، ہمارے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا،انہوں نے یہ بات بھارت میں سارک وزرائے تجارت کے اجلاس میں شرکت کے بعد لاہور واپس پہنچنے پر کہی۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ سارک اجلاس میں تجارت کے فروغ پر اتفاق ہوا۔بھارت سے برابری کی بنیاد پر مارکیٹوں تک رسائی دینے پر بات ہوئی ہے۔ واہگہ بارڈر پر 24 گھنٹے تجارت جاری رکھنے پر بھی اتقاق کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے۔خرم دستگیر نے کہا کہ بھارت سے تجارت سے پاکستان کو ایک ارب سے زائد آبادی کی منڈی ملے گی جس سے ہمارے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور زر مبادلہ میں اضافہ ہو گا۔