20 جنوری ، 2014
راولپنڈی …راولپنڈی کے آر اے بازار میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 14ہوگئی جبکہ 24افراد زخمی ہوئے ۔ واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سکیورٹی اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کا ساتھی ہونے کے شبہے میں دھماکے میں زخمی افغان شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔صبح تقریباً سات بج کر چالیس منٹ پر خود کش حملہ آور نے آر اے بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا، طاقت ور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، ہدف تھے سیکیورٹی اہل کار ، جبکہ عام شہری بھی نشانہ بنے، سیکیورٹی فورسز نے فوری دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اور سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔ حساس اداروں سمیت دیگر تحقیقاتی اداروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں ۔مبینہ حملہ آور کی ٹانگ اور دیگر اعضا مل گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے میں 5سے 8کلو بارودی مواد اور بال بیرنگز استعمال کیے گئے۔ پولیس نے خود کش بمبار کا ساتھی ہونے کے شبہے میں دھماکے کے ایک زخمی افغان شہری کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔کالعدم تحریک طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ گزشتہ روزبنوں میں حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز پر ہونے والا یہ مسلسل دوسرا حملہ ہے ۔