22 جنوری ، 2014
فیصل آباد…فیصل آباد میں پولیو کے قطرے پلانیوالی ٹیموں پر حملوں اور سیکورٹی فراہم نہ کئے جانے پر پولیو ورکرز نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیو ورکرز پر حملوں اور پولیو ڈیوٹی پر مامور ٹیموں کو سیکورٹی فراہم نہ کئے جانے کیخلاف لیڈی ہیلتھ ورکرز نے محکمہ صحت کے دفتر سے ریلی نکالی اور ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔ احتجاج میں شریک لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا تھا کہ ڈی سی ا و کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے کیلئے جانے والی ٹیموں کو پولیس سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی مگر آج بیشتر ٹیموں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر انہیں سیکورٹی فراہم نہ کی گئی تو پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔