31 مارچ ، 2012
پشاور… خیبر ایجنسی میں چودہ سال قبل قائم کیا جانے والا ایک کالج ایسا بھی ہے جہاں اساتذہ اور طلباء تو نہیں تاہم پرندوں کے لیے مسکن ضرور بن گیا ہے۔ خیبر ایجنسی کے علاقہ شلمان کا ٹیکنیکل کالج ڈھائی کنال کی جدید طرز کی عمارت دوکروڑ کی لاگت سے1998 میں تعمیر کی گئی۔ بیس کمروں پر مشتمل اس کالج میں پڑھانے کیلئے اب تک نہ اساتذہ آئے اور نہ طلباء ۔ حکومت کی عد م دلچسپی کے باعث کالج چودہ سال گزرنے کے باوجود بند پڑا ہے۔دو منزلہ کالج کو خیبر ایجنسی کے دور آفتادہ علاقہ کم شلمان میں تعمیر کیا گیا۔ جس پر افتتاحی تختی یاسائن بورڈ تک آویزاں نہیں۔ فعال ہونے کی صورت میں اس کالج سے سالانہ سیکڑوں طلباء ہنر سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث کالج کی عمارت کو کسی بھی وقت نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ گزشتہ بارہ سال سے بند پڑا شلمان ٹیکنیکل کالج کو دیگرمفید مقاصد کیلئے بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔