24 جنوری ، 2014
گوجرانوالہ…وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کی گوجرانوالہ آمد پر کارکنوں نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں، کارکنان جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کرتے رہے اور پولیس بے بسی سے دیکھتی رہی۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر وزیر بننے کے بعد پہلی بار اپنے حلقے گوجرانوالہ پہنچے، ان کا قافلہ جی ٹی روڈ پہنچا تو ن لیگ کے کارکن آپے سے باہر ہوگئے، جدید اسلحہ ہوامیں بلند ہوا اور گوجرانوالہ کی فضا گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھی۔ کارکنوں کو اس اقدام سے روکنے کے بجائے وفاقی وزیر مسکراتے رہے اور ہاتھ ہلا ہلا کر ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ کارکنان اس طرح فائرنگ کررہے تھے جسے دشمن کے طیارے کو گرانا چاہتے ہوں۔ فائرنگ کے وقت ڈی ایس پی سیٹلائٹ ٹاون سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی لیکن کسی نے کچھ دیکھا، نا سنا۔ لیگی کارکنان اپنے وزیر اور قانون کے رکھوالوں کے سامنے قانون کی دھجیاں بکھیرتے رہے۔