24 جنوری ، 2014
حیدرآباد…حیدرآباد میں 4اوردادو میں 3 دستی بم حملے ہوئے ہیں۔ حیدرآباد میں پونے7، کوہ نورچوک، حیدرچوک اور قاضی عبدالقیوم روڈ پر دستی بم سے حملے ہوئے ہیں جن میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں لطیف آباد پونے 7نمبر پر فلائی اوور کے قریب دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے ۔موٹرسائیکل سوار ملزمان فلائی اوور پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں فی الحال جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حیدرآباد کے ہی علاقے قاضی عبدالقیوم روڈ کے قریب قائم خانی ہاسٹل کے سامنے بھی دستی بم سے حملہ ہوا ہے، کوہ نور چوک پر بھی دھماکا ہوا ہے۔ کسی بھی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب دادو میں جیل روڈ اور اسٹیشن پر دستی بم حملے ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دادو میں ہونے والے حملوں میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ جئے سندھ متحدہ محاذ نے کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔