پاکستان
31 مارچ ، 2012

نیٹو سپلائی لائن سے اسلحہ نہیں جائے گا،قومی سلامتی کمیٹی

نیٹو سپلائی لائن سے اسلحہ نہیں جائے گا،قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد…جمعیت علمائے اسلام ف نے نیٹو سپلائی بحال کرنے کی مخالفت کر دی ہے۔ ن لیگ اور ق لیگ نیٹو سپلائی کی بحالی کو ڈرون حملوں سے مشروط کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہیں۔پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس سینٹر رضا ربانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں نیٹو اور امریکہ سے متعلق خارجہ پالیسی پر کمیٹی کی سفارشات کا از سر نو جائزہ لیا گیا۔مشاہد حسین سید کے مطابق ق لیگ نے تجویز دی کہ نیٹو سپلائی لائن کے ذریعے اسلحہ افغانستان نہیں جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی اراکین نے اس تجویز سے اتفاق کیا۔ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں نیٹو سپلائی بحال کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف نیٹو سپلائی نہ کھولنے کے بارے میں اپنے موقف پر قائم ہے۔ نیٹو سپلائی بند کرنے کا حکومتی فیصلہ درست تھا، پارلیمنٹ حکومتی فیصلے کو تبدیل نہ کرے، ان کا کہنا تھا کہ اپنے موقف پر تنہائی بھی قبول کرنے کو تیار ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس پیر شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق 2 اپریل کو کمیٹی اپنی سفارشات کا مسودہ تیار کرنا شروع کرے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر بابر اعوان کی جگہ قمر الزمان کائرہ کو قومی سلامتی کمیٹی کا نیا رکن مقرر کر دیا ہے ۔

مزید خبریں :