31 مارچ ، 2012
پشاور … چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ عدلیہ کے باعث 900 لاپتہ افراد جیلوں میں منتقل ہوئے جبکہ 67 بازیاب ہوئے۔ وہ پشاور میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے دن رات کام کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی آئین قانون اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ صوبے بھر میں 9 جوڈیشل کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے جو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ بنوں بینچ کیلئے حکومت نے 50 کروڑ روپے کی امداد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دارالقضاء کیلئے بھی حکومت نے 10 کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔