28 جنوری ، 2014
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان آج کراچی سے دبئی اور پھر لندن روانہ ہوگئے جہاں وہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو پیپلز پارٹی کی سیاسی پیش کش سے آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کی ملاقات میں کچھ سیاسی فارمولے طے کیے گئے تھے اور پھر رحمان ملک نے گزشتہ ہفتے لندن میں آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام الطاف حسین کوپہنچایاتھا۔ مگر بلدیاتی انتخابات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سیاسی صورتحال تبدیل ہوگئی،گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے اہم رہنما سید اویس مظفر نے گورنر سندھ سے ملاقات کی اور سابق صدر آصف علی زرداری کاپیغام پہنچایا۔ جس کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان دبئی روانہ ہوئے اوروہاں اہم شخصیات سے ملاقات کے بعد لندن روانہ ہوگئے،جہاں وہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو پیپلز پارٹی کی سیاسی پیش کش سے آگاہ کریں گے۔