28 جنوری ، 2014
لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے ایک نجی ٹی وی چینل کے لائسنس کی منسوخی کے لئے جنگ اورجیوگروپ کی دائر درخواست پرمزید کارروائی 4فروری تک ملتوی کردی ہے اور آئندہ سماعت پرتفصیلی جواب پیش کرنے کاحکم دے دیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اعجازاحمد کے روبروجنگ اورجیوانتظامیہ کی طرف سے نجی ٹی وی چینل کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موٴقف اختیارکیاگیاہے کہ نجی ٹی وی چینل، اعلیٰ عدلیہ کے خلاف تضحیک آمیز اور جج صاحبان کواسکینڈلائز کرنے کے پروگرام پیش کررہاہے مگرPemra قواعدوضوابط کی موجودگی کے باوجود کارروائی نہیں کررہا۔یہ چینل جنگ اورجیونیوز کے مالکان کے خلاف بھی بے بنیاد الزام تراشی کررہاہے جس کیخلاف مجاز عدالتوں میں کیسز زیر سماعت ہیں۔عدالت نے حکمِ امتناع بھی جاری کررکھاہے مگراس کے باوجود پیمرا کوئی کارروائی نہیں کررہا۔Pemra کے وکیل راناارشد نے عدالت کوبتایاکہ انہیں رات ٹیلی فون پر عدالتی حکم سے آگاہ کیاگیا لہذاانہیں para-wise کمنٹس داخل کرنے کیلئے مہلت دی جائے،اس پر جنگ اورجیوگروپ کے وکیل اے کے ڈوگرنے اعتراض اٹھایاکہ پیمرا جان بوجھ کرتاخیری حربے استعمال کررہاہے،عدالت اس کانوٹس لے۔عدالت نے مزید کارروائی4فروری تک ملتوی کرتے ہوئے پیمرا کوآئندہ سماعت پر جواب داخل کرنے کاحکم دیدیا۔