پاکستان
29 جنوری ، 2014

وزیر اعظم نواز شریف آج 6ماہ بعد قومی اسمبلی میں قدم رکھیں گے

وزیر اعظم نواز شریف آج 6ماہ بعد قومی اسمبلی میں قدم رکھیں گے

اسلام آباد…وزیر اعظم نواز شریف 6 ماہ بعد بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں، ایوان کے قائد گزشتہ 7 ماہ میں صرف 7 بار ایوان میں آئے۔ میاں نواز شریف 14سال جس پارلیمنٹ میں قدم رکھنے کا ارمان دل میں لیے رہے وہی پارلیمنٹ وزارت عظمیٰ پر فائز ہونے کے بعد ان کے لیے اتنی اجنبی ہو چکی کہ اب وہ وہاں آئیں تو ایک غیر معمولی خبر بن جاتی ہے۔ وزیر اعظم رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے سے اب تک 7 ماہ میں 7 بار قومی اسمبلی آئے۔ صدارتی انتخاب کے موقع پر 29 جولائی 2013 کو، سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا اعلان کرنے 24 جون 2013 کو، 12 جون کو بجٹ پیش کرنے کے موقع پر، 10 جون کو سابق صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے خطاب کے وقت، 5 جون کو قائد ایوان منتخب ہونے پر، 3 جون کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر اور یکم جون کو بطور رکن قومی اسمبلی حلف لینے۔ 27 جنوری کی ہی بات ہے، وزیر اعظم نے اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی مشترکا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی لیکن قومی اسمبلی نہیں گئے، ان کی پارلیمنٹ سے غیر حاضری پر انہیں ہدف تنقید بنانے والی اپوزیشن کو اور بھی بڑا موقع ہاتھ آگیا مگر اسپیکر نے بتا یا کہ وزیر اعظم کی تو چھٹی کی درخواست آئی ہے۔ اب شاید وزیرا عظم کو اندازہ ہو گیا تھا کہ اپوزیشن ان کی ایوان سے مزید چھٹی منظور نہیں کرنے والی، اس لیے وہ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں تاہم سینیٹ کا ایوان ابھی تک وزیر اعظم کی تو پہلی جھلک کا ہی منتظر ہے۔

مزید خبریں :