29 جنوری ، 2014
کراچی…31جولائی 2009کے فیصلے کیخلاف مشرف کی نظرثانی درخواست کی سماعت کے دوران ججز نے تین نومبر کو عدالت میں موجود جیو نیوز کے رپورٹر کو بطورعینی شاہد روسٹرم پر بلایا،تاہم پرویز مشرف کے وکلا کے اعتراض کے بعد انہیں واپس بٹھادیا گیا۔سپریم کور ٹ میں سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تین نومبر کو ججز کے علاوہ دو اور افراد بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے اوروہ دو نوں عینی شاہد آج بھی عدالت میں ہیں، جس کے بعد عدالت نے جیونیوز کے نمائندہ خصوصی عبدالقیوم صدیقی کو روسٹرم پر بلا یا، تاہم اس پر پرویز مشرف کے وکلا ابراہیم ستی اور احمد رضا قصوری نے اعتراض کیا۔ابراہیم ستی ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ عبدالقیوم صدیقی کو نہیں بولنے دیں گے جس پر عبدالقیوم صدیقی نے جواب دیا کہ انھیں جج صاحبان نے بلایا ہے،تاہم مشرف کے وکلا کے اعتراض کے بعد عبدالقیوم صدیقی کو واپس بٹھا دیا گیا۔