پاکستان
29 جنوری ، 2014

مذاکرات حکومت کرے گی، میں صرف رابطہ کرا سکتا ہوں، رحیم اللہ یوسفزئی

مذاکرات حکومت کرے گی، میں صرف رابطہ کرا سکتا ہوں، رحیم اللہ یوسفزئی

اسلام آباد…مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ طالبان سے بات چیت تو حکومت کو ہی کرنی ہے، میں تو صرف رابطہ ہی کرا سکتا ہوں۔ سینئر صحافی اور جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ“ کے میزبان سلیم صافی کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں شمولیت کی پیش کش پر معذرت کر لی، مذاکرات سیاسی قیادت کا کام ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ ان کی ذمہ داری رابطہ کار کی ہوگی تاہم طالبان کو یہ پیغام دینا ہوگاکہ حکومت معاہدے کی پاسداری کرے گی جبکہ سینئر صحافی سلیم صافی کا کہناتھاکہ حکومت نے انہیں بھی کمیٹی میں شمولیت کی پیش کش کی لیکن وہ حکومتی حکمت عملی سے متفق نہیں۔ طالبان سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی میں شامل سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی نے جیو نیوز سے گفت گو میں کہاکہ ان کا کام حکومت اور طالبان کے درمیان رابطہ کار کا ہوگا، حکومتی ارکان کاکام مذاکراتی عمل شروع ہونے کے بعد بڑھ جائے گا۔ کمیٹی میں شامل دوسرے رکن رستم شاہ مہمند نے جیو نیوز سے گفت گو میں کہاکہ طالبان کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ حکومت معاہدے کی پاسداری کرے گی۔ کمیٹی میں شامل ہونے کے لیے وزیراعظم نے سینئر صحافی سلیم صافی کو بھی پیش کش کی تھی جس پر انہوں نے معذرت کرلی ، ان کاکہنا تھا حکومتی طریقہ کار سے انہیں اختلاف ہے ۔

مزید خبریں :