29 جنوری ، 2014
اسلام آباد…طالبان سے مذاکرات کی حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کا فوری راستہ نکالنے کے لیے طالبان سے رابطے کرنا چاہتے ہیں، بہت اچھاہوگاکہ طالبان بھی مذاکراتی ٹیم کااعلان کردیں۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہی۔عرفان صدیقی کو وزیراعظم نواز شریف نے طالبان سے مذاکراتی عمل کی کمیٹی کا رکن نامزد کیا ہے۔ عرفان صدیقی وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی اور معروف کالم نگار ہیں۔پنجاب یونیورسٹی سے اردو ادب میں ماسٹرز کی ڈگری لینے کے بعد عرفان صدیقی طویل عرصہ شعبہٴ تدریس سے وابستہ رہے۔ 1988ء میں قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کے بعد وہ صحافت سے وابستہ ہو گئے۔ ملک کے معروف رسائل میں فرائض سرانجام دینے کے بعد 7برس قبل وہ بطور کالم نگار روزنامہ جنگ سے وابستہ ہوئے۔ ان کے کالم نقش خیال کو قومی سطح پر بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ وہ سابق صدر رفیق تارڑ کے پریس سیکریٹری کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ سیاسی مبصر کے طور پر عرفان صدیقی کے تجزیے معیاری خیال کیے جاتے ہیں۔ ان کی تحریریں ادبی رنگ کی وجہ سے بہت مقبول ہوئیں۔ قومی مسائل پر ان کی چار کتابوں کو عوامی سطح پسند کیا گیا۔ سفر جج اور عمرہ سے متعلق جنگ میں شائع ہونے والے کالموں کا مجبوعہ مکہ مدینہ بہت مقبول ہوا جسے بیسٹ سیلر کا درجہ حاصل ہوا۔ عرفان صدیقی کی علمی ادبی اور صحافیانہ خدمات کے اعتراف میں حکومت نے گزشتہ برس انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا۔