29 جنوری ، 2014
اسلام آباد…محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فروری کے پہلے ہفتے میں اکثر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارشوں کا سبب بننے والی ہوائیں رواں ہفتے پاکستان داخل ہوں گی، بارشوں کا نیا سسٹم اچھی بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔ محکمہٴ موسمیات کے مطابق بارشوں سے ملک میں خشک سردی کا خاتمہ ہوگا، جمعہ تا اتوار بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ہفتے کی شام سے پیر تک بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، لاہور، اور خیبرپختونخوا شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ اتوار اور پیر کو پہاڑوں پر برف باری کا امکان جن میں مری، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت، کشمیر، گلیات اور وادی نیلم شامل ہیں۔ محکمہٴ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ فروری میں 3 سے 4 بار بارشیں ہونے کا امکان ہے۔