31 جنوری ، 2014
لاہور…گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں، طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے نتائج مثبت نکلیں گے۔ لاہور میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلمکانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلمان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو قتل عام بند ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خالی ہاتھوں کے باوجود نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اعلیٰ کردار کے باعث سب ان سے ڈرتے تھے، بدقسمتی سے ہمارے حکمران سب کچھ ہوتے ہوئے بھی امریکا اور دیگر ممالک کے آگے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں، پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں ایک کروڑ سے زائد جانیں گئیں لیکن فائدہ کچھ نہیں ہوا۔