31 جنوری ، 2014
ملتان …ملتان میں ایک روز قبل ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔ ڈکیتی کی یہ واردات ملتان میں ڈیرہ اڈہ پر واقع ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں 28 اور 29 جنوری کی درمیانی شب کو اس وقت ہوئی جب دکاندار اپنا ڈیپارٹمنٹل اسٹور بند کرنے والا تھا اور اس وقت اس کی اہلیہ اور بیٹی بھی اس کے ساتھ موجود تھیں کہ تین مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکو دکان کے باہر آتے ہیں، شلوار قمیض اور جیکٹ میں ملبوس دو ڈاکو دکان میں داخل ہوتے ہیں جنہوں نے چہرے پر ماسک بھی پہن رکھے ہیں۔ ایک ڈاکو کاوٴنٹر کے پاس آتا ہے اور رقم نکالنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ دوسرا ڈاکو کاوٴنٹر کے باہر والی سائیڈ پر موجود رہتا ہے۔اسی دوران دکان مالک ڈاکو کو دبوچ لیتا ہے اور دوسرا ڈاکو دکان مالک پر فائرنگ کرتا ہے جس کے نتیجے میں گولی دکان کے مالک سمیر کو لگتی ہے۔ دکان میں ملازمین ایک ڈاکو کو پکڑ لیتے ہیں جبکہ دوسرا ڈاکو باہر جا کر موٹر سائیکل پر اپنے تیسرے ساتھی کے ساتھ فرار ہو جاتا ہے، پکڑے جانے والے ڈاکو کو اسی رات پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ تھانہ کینٹ میں ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج ہے تاہم اب تک مزید پیش رفت نہیں ہوئی۔