01 اپریل ، 2012
قاہرہ. . . .مصر میں اخوان المسلمون نے صدارتی انتخاب کے لئے تنظیم کے نائب مرشد خیرت الشاطرکو مصر کی صدارت کے لیئے امیدوار نامزد کر دیا ہے۔مصر کی سب سے منظم اور بڑی دینی سیاسی جماعت اخوان المسلمون نے مئی میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں شرکت کی خاطر اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ اخوان کے سیاسی ونگ "فریڈم اینڈ ڈیوپلمنٹ" کی پارلیمانی پارٹی نے ہفتے کے روز خیرت الشاطر کی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کی توثیق کی تھی۔ اخوان المسلمون ماضی میں صدارتی انتخابات نہ لڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اتوار کے روز اپنے سابقہ فیصلے کے خلاف مرشد عام نے خیر الشاطر کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔ اس اعلان کے بعد اخوان کے نامزد امیدوار خیرت الشاطر نے نائب مرشد کے اپنے تنظیمی عہدے سے استعفی پیش کیا کیونکہ انتخاب میں شرکت کے لئے ان کا ایسا کرنا ضروری تھا۔اخوان کے نامزد صدارتی امیدوار تنظیم کے نائب مرشد عام رہ چکے ہیں۔ وہ ایک کامیاب کاروباری شخصیت ہونے کے علاوہ تنظیم میں سیکیورٹی امور کے وزیر سمجھے جاتے ہیں۔