05 فروری ، 2014
لاہور…لاہورکا مال روڈ تمام دن یومِ یک جہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف دینی اور سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کا مرکز بنا رہا۔ شہر میں کئی مقامات پر جلسے اور سیمینارز بھی ہوئے۔ جن میں آزادیٴ کشمیر کی عظیم جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے مسلم لیگ ن نے چیئرنگ کراس چوک میں احتجاجی کیمپ لگایا۔ شرکاء نے کشمیرکی آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ احمدحسان، ایم پی اے خواجہ عمران نذیراور ڈاکٹرفرزانہ نذیرسمیت خواتین، نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ جماعتِ اسلامی نے ناصر باغ سے مسجد شہداء تک ریلی نکالی، جس کی قیادت مرکزی رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کی۔ ریگل چوک میں ریلی جلسے کا روپ دھار گئی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعیدقادریہ مسجد سے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے مال روڈ پہنچے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کشمیر کو پاکستان کی جان قرار دیا اور کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر یوتھ فورم نے بھی مال روڈ پرکیمپ لگایا۔ تحریک ِ انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت کئی جماعتوں اور تنظیموں نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جلسے اور سیمینارز منعقد کئے۔