پاکستان
06 فروری ، 2014

کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ، انعقادسے متعلق جواب طلب

کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ، انعقادسے متعلق جواب طلب

اسلام آباد…سپریم کورٹ نے موجودہ کنٹونمنٹ قوانین کے تحت کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ہونے یا نہ ہونے سے متعلق جواب20 فروری تک طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ 8 سال سے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے ، مزید تاخیر برداشت نہیں کر سکتے۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے بتایا کہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور وزارت دفاع کے حکام سے بار بار رابطہ کیا مگر اب تک پوزیشن جوں کی توں ہے۔چیف جسٹس نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کوحکومت کا معاون بننے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعین کیا جائے آیاموجودہ قوانین کے تحت کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات ہوسکتے یا نہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی انتخابات عوامی نمائندگی کا معاملہ ہے، جس میں تاخیر برداشت نہیں کر سکتے، اگر ممکن ہے تو موجودہ قوانین کے تحت کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کرالیے جائیں،جب نیا قانون بنے تو اس کے تحت دوبارہ الیکشن کرالیں ۔عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن ،وزارت دفاع اور اٹارنی جنرل کو 20 فروری تک جواب جمع کرانے کے لیے نوٹسز جاری کردیئے۔ سیکرٹری دفاع آصف یاسین کے خلاف توہین عدالت نوٹس کی سماعت بھی 20 فروری کو کی جائے گی۔

مزید خبریں :