06 فروری ، 2014
ہیوسٹن …راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی… امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی شریک چیئرمین کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے جبکہ امریکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین پر مشتمل صحافیوں کے ایک وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیلا جیکسن لی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے صفِ اول کے اتحادیوں میں شامل ہے اور یہ دیرینہ تعلقات بہت سے معاملات میں مکمل ہم آہنگی کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک امریکہ تعلقات کو بہتر بنانے میں صحافت اور صحافیوں کا اہم کردار ہے جس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ باوجود انتہائی مصروفیات کے‘ صحافیوں کے اعزاز میں ہونے والی اس تقریب میں خود شریک ہوئیں۔ اس موقع پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس سے قبل کراچی چیمبر کے وفد کا خیرمقدم کیا گیا تھا اور اس بار کراچی کے صحافیوں کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل افضال محمود نے کہاکہ توانائی کے شعبہ میں امریکی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے انہوں نے کہاکہ وہ اپنی تعیناتی کے بعد سے سفارتی عملے اور ہیوسٹن میں آباد پاکستانی کمیونٹی کے تعاون اور مدد سے خدمات سرانجام دینے کی کوششیں کر رہے ہیں اور کمیونٹی کے بھرپور تعاون سے وہ خود کو بہت مطمئن تصور کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا عملہ پاکستان امریکہ تجارتی اور ثقافتی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستانی وہ چاہے کسی بھی شعبہ زندگی سے تعلق رکھتے ہوں‘ وہ پاکستان سے باہر پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی عملہ تو بہرحال اپنی ذمہ داریاں نبھاتا ہی ہے لیکن وطن سے دور تمام نابغہٴ روزگار شخصیات وطن عزیز کے سفیر ہوتے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے سابق سیکرٹری علاؤ الدین خانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی اس بات پر پریشان ہیں کہ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اوپر مسط کی گئی جنگ کی وجہ سے 50 ہزار سے زائد شہریوں اور 10 ہزار سے زائد عسکری افراد کی جانوں کا نذانہ پیش کیا مگر امریکی ہماری ان قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے یہی کہتے ہیں کہ ”ڈومور“ انہوں نے کہاکہ امریکیوں کو پاکستانی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے عملی طور پر اس بات کا مظاہرہ کرنا ہو گا کہ یہ واقعی ہمارے حقیقی دوست ہیں۔ کراچی پریس کلب کے خازن سید اظہر حسین نے کہاکہ میڈیا اپنا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ پاک امریکہ ایکسچینج کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت ہے نہ صرف صحافی بلکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی ایسے ایکسچینج پروگرام تعلقات کی بہتری میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں سردست یہ تعلقات کنفیوژن کا شکار ہیں کیونکہ دونوں ممالک کہتے کچھ ہیں مگر اُن کی عملی تعبیر کچھ اور ہوتی ہے۔ اس موقع پر کانگریس ویمن شیلا جیکسن لی نے آنے والے صحافیوں جن میں علاؤ الدین خانزادہ‘ اظہر حسین‘ منہاج الرب اور راجہ زاہد اختر خانزادہ کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد بھی پیش کیں جبکہ اسی طرح کانگریس مین ایل گرین کی جانب سے ان کے نمائندے نے اسناد پیش کیں اور میئر ہیوسٹن انیس پارکر کی جانب سے ان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروٹوکول ڈنے لافرول نے تہنیتی اسناد کے علاوہ سٹی لوگو کے خصوصی بیجز صحافیوں کو پیش کئے۔ کراچی سے آنے والے صحافیوں نے کانگریس ویمن شیلا جیکسن‘ کانگریس مین ایل گرین‘ میئر ہیوسٹن کی نمائندہ اور قونصل جنرل آف پاکستان سمیت مقامی صحافیوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور ٹوپی پیش کیں جس کو کانگریس ویمن نے بے حد سراہا۔