دنیا
06 فروری ، 2014

جاپان میں مقیم پاکستانی کا حکومت اور طالبان کے مذاکرات کا خیر مقدم

جاپان میں مقیم پاکستانی کا حکومت اور طالبان کے مذاکرات کا خیر مقدم

ٹوکیو… عرفان صدیقی …جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا زبردست خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور طالبان مذاکرات سے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئے گی ، اس حوالے سے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے حکومت طالبان مذاکرات کو میاں نواز شریف کا مدبرانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں حکومت طالبان کو ملک میں دہشت گردی کرنے سے روکنے میں کامیاب ہوجائے گی ، انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی ملک میں دہشت گردی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں جبکہ عالمی برادری میں پاکستان کا امیج انتہائی منفی سطع پر پہنچ چکا ہے لہذا توقع ہے کہ حکومت نے طالبان سے بات چیت کو آخر ی موقع کے طور شروع کیا ہے بصورت دیگر بھرپور کاروائی سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جانا چاہیے ، اسی حوالے سے پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر عبدالرحیم آرائیں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے عالمی طاقتیں ملوث ہیں جو پاکستان میں امن و امان نہیں دیکھنا چاہتی اور نہ ہی پاکستان کو ترقی کرتے دیکھنا چاہتی ہیں ، جبکہ پاک جاپان فرینڈ شپ لیگ کے صدر راشد صمد خان نے کہا کہ ہمارا دشمن ہمیں مسائل میں الجھا کر ہماری ترقی کو روکنا چاہتا ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ بروقت مناسب فیصلہ کرکے ملک کے دہشت گردی کا خاتمہ کرے چاہے اس کے لیئے مذاکرات کرنا پڑیں یا جنگ کرنی پڑے ، کمیونٹی کے سینئر رہنما شیخ ذوالفقار نے کہاکہ اب پاکستان کے عوام دہشت گردی سے تنگ آچکے ہیں ، عام آدمی کے ہلاکتوں نے لوگوں کو مایوس کردیا ہے ، لوگ میاں نواز شریف سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ جلد سے جلد ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے جس کے لیئے مذاکرات بہترین راستہ ہے ۔

مزید خبریں :