06 فروری ، 2014
اسلام آباد…ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہاہے کہ پاکستان نے امریکا سے ڈرون حملوں میں کمی کا نہیں، مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، جن میں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکا سے ڈرون حملوں میں کمی کی درخواست کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، ہماری پوزیشن واضح ہے، ڈرون حملے مکمل طور پر بند ہونے چاہیں۔ترجمان نے بتایاکہ سعودی ولی عہد شہزادہ سلطان بن سلمان اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم کے علاوہ دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ا نہوں نے کہاکہ پاکستان کنٹرول لائن تجارت سے متعلق بھارت کی مشترکہ ورکنگ گروپ کی تجویزسے متفق ہے۔ ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم نے مزید کہا کہ کنٹرول لائن پر بس سروس گزشتہ پیر سے بحال ہو چکی،ٹرک سروس کی بحالی پر بات چیت جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہ راولپنڈی کی ایک عدالت کی طرف سے توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والے برطانوی شہری کاذہنی توازن اگرخراب ہواتواس کی رہائی کیلئے کوشش کی جائیگی۔