07 فروری ، 2014
کراچی…وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے اپنی ہی این جی اے کے چیئرمین کو ایک بار پھر پی آئی اے بورڈ آف ڈائرکٹرز کا رکن بنوادیا ہے۔ پی آئی اے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اسلم خالق کو ایرلائن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن نامزد کردیا گیا ہے، انہیں نعیم باجوہ کی جگہ بورڈ ممبر بنایا گیا ہے۔ 6 ماہ قبل شجاعت عظیم جب وزیراعظم کے مشیر ہوابازی تھے اس وقت بھی انہوں نے اسلم خالق سمیت اپنی این جی او ہنر فاؤنڈیشن کے تین ارکان کونہایت ہنر مندی سے پی آئی اے بورڈ کا ممبر بنا دیا تھا، تاہم جب سپریم کورٹ میں شجاعت عظیم کی دہری شہریت اور پاکستان ایئرفورس سے کورٹ مارشل کے معاملات سامنے آئے تو شجاعت عظیم نے وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اورساتھ ہی ان کے مقرر کردہ تینوں بورڈممبران بھی فارغ کردیئے گئے تھے۔ اس وقت اسلم خالق پی آئی اے کے ایکٹنگ چیرمین کے عہدے پر تعینات تھے۔ انہیں بھی یہ عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ اب وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے ایوی ایشن مقرر ہونے کے بعد شجاعت عظیم نے اسلم خالق کو ایک بار پھر پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا رکن نامزد کردیا ہے۔ عمر رسیدہ اسلم خالق زرعی ماہر اور تمباکو فیکٹری میں کام کاتجربہ رکھتے ہیں، ان کا ایوی ایشن بزنس سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم کی این جی او ہنر فاؤنڈیشن بیرون ملک رجسٹرڈ ہے اور اسلم خالق اس این جی او کے چیرمین ہیں۔