07 فروری ، 2014
پشاور…حساس اداروں نے پشاور میں ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پشاور میں ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد قبائلی علاقوں سے پشاور داخل ہونے کی کوشش کریں گے جبکہ کینٹ اور نواحی علاقوں کی جامع مساجد پر حملوں کی کالز بھی ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اطلاعات موصول ہونے کے بعد پولیس نے قصہ خوانی بازار، مینا بازار، صدر بازار اور دیگر بارونق مقامات کی سیکیورٹی الرٹ کردی ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کو سادہ کپڑوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ نماز جمعہ کے بعد کوچہ رسالدار سے نکلنے والی تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی ریلی کی سیکیورٹی کیلئے بھی پولیس نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات پر پشاورکو قبائلی علاقوں سے ملانے والے راستوں کی نگرانی بھی سخت کردی گئی ہے اور ایف سی اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔