09 فروری ، 2014
کراچی…کراچی پولیس شہر کی سب سے بڑی بھتہ خور تنظیم ہے،خالد مقبول صدیقی متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس شہر کی سب سے بڑی بھتہ خور تنظیم ہے ، وزیرِ اعظم اور آرمی چیف سے درخواست ہے کہ سندھ پولیس کو لگام دیں۔ متحدہ کے کارکنوں پر انسانیت سوز تشدد کا سلسلہ ختم کرایا جائے۔کراچی میں نجی اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پولیس روزانہ 22 کروڑ روپے بھتہ اور رشوت لیتی ہے۔پولیس شہرکے نوجوانوں کو بھتے کیلئے اٹھاکرلے جاتی ہے، جنھیں رشوت لے کر رہا کیا جاتا ہے۔ چند ماہ میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان کو گرفتارکیا گیا، ایم کیو ایم کے 10 کارکنان کو تشدد کا نشانہ بناکرمارا گیا ہے ، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پولیس نے فہد پر بھی بدترین تشدد کیا، تشدد سے تو کسی سے بھی کوئی بیان لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم، چیف جسٹس اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل کی وہ واقعے کا نوٹس لیں۔